ایرن کریمر

ایرن کریمر

گڑیا

    ترجمہ: ادیب سہیل

     

    سڑک کے کنارے

    کیچڑ میں دھنسی ہوئی

    مٹھی بھینچے ہوئے

    جیسے درد میں مبتلا ہو،

    جیسے یہاں بارش کے بدلے خون برسا ہو

    ایک برہنہ گڑیا

    سر کے بل کھڑی ہے

    شہر سے دور

    جہاں وہ گری تھی

     

    کس سبزہ زار

    اور کس عاشق زار

    کی یاد اس کے ذہن میں بسی ہوئی ہے؟

    شکر ہے

    کہ کسی کو نہ اسے سیدھے کرنے

    نہ ہی اس بغیر پوشش ہیئت کذائی کو چھیڑنے کا خیال آیا

    جو بے مہر آسماں کے نیچے پڑی ہے

    میں یہ سوچنا چاہتا ہوں کہ وہ محو خواب ہے

    اس کی ان آنکھوں سے آنسوؤں کی جھڑی

    رواں دیکھنا نہیں چاہتا

    جن کی چمک بے معنی ہے

     

    وہ ہونٹ جن سے کبھی کوئی فریاد نہیں نکلی

    اب اس سے چیخیں نکل رہی ہیں

    ایک کتے کا ماتم

    خصوصاً اس کتے کا جس کی نسل دوغلی ہو

    اور جس کی واحد ہوشیاری دس برس کے درمیان یہ دیکھی گئی

    کہ وہ دانتوں میں گلے کے پٹے دبائے گھر لوٹتا،

    اور پنجہ اٹھائے رہتا

    جب تک کہ نصف گھنٹے تک تم اسے نیچے کرنے کا اشارہ نہ کرتے رہو

     

    ایک کتے کی موت کا ماتم

    جو اکثر اپنے کان کھجاتا رہتا   ہے

    اور اگر پڑوسیوں میں سے کسی نے اسے چھیڑا

    تو وہ بھونک بھونک کر اسے ایسا خوفزدہ کرتا

    کہ اس کی رگوں میں خون جمنے لگتا تھا

    اور تو اور وہ دریدہ دہن انہی کرسیوں پر سویا رہتا

    جن پر اسے سونے کی ممانعت تھی

    ایک ایسے کتے کا ماتم

    ریٹائرڈ اور تنہا خاتون کے لیے تو روا ہے

    جس کی زندگی دوست بنانے ، مٹر گشتی کرنے اور ناؤ نوش کے اوقات سے

    بندھی ہو

    لیکن اگر تمہاری زبان جگوں پر پھیلے حیات و موت کی پیش گوئی پر قادر ہے

    تو چپ چاپ ماتم کرو۔ اگر اسے ضروری ہی سمجھتے ہو۔