آگ کے معانی
ترجمہ: سمن کاظمی
زندہ رہو
اور ہمیں بھی زندہ رہنے دو
ہم ہستی کے خاتمے کے حامی نہیں
ہم نے تو ان زہریلے سانپوں کا زہر پیا ہے
جنہیں جیتے جی نگل جانے کی عادت ہے
بھلا یہ کون چاہتا ہے
کہ اپنی ضعیف ماں کی آنکھ میں
کالک کے کیل گھونپ کر
روہیوں کے درخت گنتا پھرے
اور لہو میں تر کرچی پر
محبوب کا سپنا آویزاں کرکے
بیٹوں کے قد ناپتا پھرے
بھلا یہ کون چاہتا ہے
کہ مٹی کا تیل چھڑک کر
اپنے محو خواب بچوں کے جسم کو
فلیتہ دکھا دے
اور اپنی ہی کٹیا کی آگ میں
خود زندہ جل جائے
ہم تو چیت کی دھوپ کی طرح رک رک کر
زندگی کرنا چاہتے ہیں
یہ جو ہمارے رنگ رنگ میں بھڑک رہی ہے
اس آگ کے معانی کو غلط نہ سمجھو
ہم ہستی کے خاتمے کے حامی نہیں
ہم نے تو صرف ان سرد رتوں کا رس پینا ہے
جن کو کم سن پودوں سے پھول چاٹ
جانے کی عادت ہے
(پنجابی)