لمس
ترجمہ: احمدفراز
جب میں جیل سے باہر آؤں
تو میں کسی سے کہوں گا
مجھے چھوؤ
بہت آہستگی ، بہت ملائمت سے
مجھے چھوؤ
کیونکہ میں ایک بار پھر جاننا چاہتا ہوں
کہ زندگی کیسے محسوس ہوتی ہے
مجھے سات برسوں سے
کسی نے نہیں چھوا
میں سات برسوں سے
لمس کے احساس سے محروم ہوں
میں زندگی سے کٹ چکا ہوں
ان سات برسوں نے مجھے سکھا دیا ہے
نہ چھوا جانا کیا ہوتا ہے
چھوا جانا کیسا ہوتا ہے
نہیں ایسا بھی نہیں
جن چیزوں نے مجھے چھوا
مجھے یاد ہیں
میں انگلیوں پر گن سکتا ہوں
وہ مکے
جو ابتدا میں مجھ پر برسے تھے
تیز ۔ تند۔ مسلسل
پٹائی خوب پٹائی
آخر میں چیخ اٹھا تھا
نہیں، خدا کے لیے مجھے مت چھوؤ
ہاتھ پہلے چار برسوں تک
ہر روز تلاشی لینے والے پہرہ داروں کے ہاتھ
متجسس، تھپتھپائے ہوئے ہاتھ
بازو اٹھاؤ
بوٹ اتارو
دونوں ٹانگیں کھول دو
بہت مہارت سے
بوجھل، بے حس، لاتعلق
جسم کے تمام پوشیدہ حصے ٹٹولتے ہوئے ہاتھ
میں مکے اور جاسوس ہاتھ نہیں چاہتا
میں دوبارہ چھوا جانا چاہتا ہوں
کچھ اس طرح
کہ مجھے محسوس ہو
میں زندہ ہوں
میرا مطلب ہے جب میں یہاں سے نکلوں
تو کہوں، یہ میں ہوں
مجھے چھو کر دیکھو