ویرونیکا پورم باکو

ویرونیکا پورم باکو

میں کچھ نہیں ہوں، تم کون ہو

    ترجمہ: کشور ناہید

     

    میں لفظوں سے خوفزدہ ہوں

    کہ دن انہیں بوسیدہ کر دیتا ہے

    میں بغیر لفظوں کے خوفزدہ ہوں

    کہ یہ رات کے جبر سے نجات دلا سکتے ہیں

    میں آئینوں سے خوفزدہ ہوں

    کہ وہاں سوائے میرے عکس کے اور کچھ نہیں ہے

    میں بغیر آئینوں کے خوفزدہ ہوں

    ڈرتی ہوں کہ کہیں انسانوں کی عادت ہی نہ کھو بیٹھوں

    میں سونے سے خوفزدہ ہوں

    سانپ دروازے کے باہر میری تاک میں ہے

    میں جاگنے سے خوفزدہ ہوں

    دروازے سے آگے، خلا، میرے انتظار میں ہے

    میں زندہ رہنے سے خوفزدہ ہوں

    مجھے اپنے پیروں کے نیچے زمین محسوس نہیں ہوتی ہے

    میں مر جانے سے خوفزدہ ہوں

    زمین میری چھاتی پر آن گرے گی