وہ کہتا ہے
ترجمہ: حلیم قریشی
اگر ہوا میں مجھے تم بکھیرنا چاہو
مجھے ہوا میں بکھیرو کہ میں بکھر جاؤں
کہ یوں ہوا نے ہی مجھ کو وصول کرنا ہے
اور آنے والے دنوں بارشوں میں اتروں گا
اگر مجھے بھی سمندر قبول کر لےتو
میں ڈوب جاؤں سمندر کے پانیوں میں کہیں
کہ یوں مجھے بھی سمندر وصول کر لے گا
غذابنا کے تہوں میں مجھے بھی رکھے گا
اگر قفس میں مجھے قید کر دیا جائے
بصد خلوص و رضا میں بھی قید ہو جاؤں
کہ یوں مجھے کوئی دیوار تو وصول کرے
کہ اس طرح کوئی تحریر بن سکوں گا میں