خالدمحمود

خالدمحمود ۲۰ دسمبر ۱۹۷۶ کو لاہور میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم مقامی سکولوں سے حاصل کی، انٹرمیڈیٹ گورنمنٹ اسلامیہ کالج، لاہور، گریجویشن گورنمنٹ کالج آف سائنس، لاہور، ایم اے اردو اوریئنٹل کالج، جب کہ ایم فل اور پی ایچ ڈی کی ڈگری گورنمنٹ کالج یونیورسٹی،لاہور سے حاصل کی، ایم فل کا مقالہ " فرہنگِ کلام مجید امجد" ۲۰۰۷ اور پی ایچ ڈی کا مقالہ "پاکستانی اردو ناول پر جدید نو آبادیاتی نظام کے اثرات؛۱۹۴۷ تا حال" کے زیر عنوان ۲۰۱۷ میں مکمل کیا، ۲۰۰۹ سے اپنی مادر علمی گورنمنٹ اسلامیہ کالج، لاہور میں تدریسی فرائض انجام دے رہے ہیں، ان دنوں ایسوسی ایٹ پروفیسر( اردو) کے طور پر ہائر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ پنجاب سے وابستہ ہیں اردو اور پنجابی میں اپنا تخلیقی اظہار کرتے ہیں،  ان کا اردو نظموں کا مجموعہ " انجان بستیوں کا بُلاوا" ۲۰۰۹ میں شائع ہوا جب کہ " آدھی چھت کی دوپہر" زیرترتیب ہے۔ان کے مضامین اور افسانے بھی مختلف ادبی جرائد میں شائع ہوتے رہتے ہیں۔ادب کے علاوہ عکس گری(فوٹو گرافی) میں ملک پاکستان اور بیرون ممالک میں اپنی الگ پہچان رکھتے ہیں جہاں ان کے کام کو سراہا جاتا ہے