ای۔ای کمنگس

ای۔ای کمنگس

جب سانپ اپنے بل کھانے کے حق پر سودے بازی کرتے ہیں

    ترجمہ: عباس رضوی

     

    جب سانپ اپنے بل کھانے کے حق پر

    سودے بازی کرتے ہیں

    اور سورج ہڑتال کر دیتا ہے

    تاکہ زندہ رہنے کے لیے اجرت حاصل کر سکے

    جب کانٹوں کو اپنے گلابوں سے خطرے کی بو آتی ہے

    اور قوس ہائے قزح اپنا بڑھاپے کا بیمہ کراتی ہے

     

    جب گانے والا پرندہ اس وقت تک نغمہ ریز نہ ہو سکے

    جب تک سارے الو اس کی آواز کو موزوں قرار نہ دے دیں

    اور جب تک کوئی موج

    نقطوں کی لکیر پر اپنے دستخط ثبت نہ کر دے

    سمندر کو پابند کر دیا جائے

     

    جب شاہ بلوط صنوبر سے ثمر واری کی اجازت چاہے

    جب وادیوں کو پہاڑوں سے سربلندی کی شکایت ہو

    اور مارچ کا مہینہ اپریل کے مہینے کو تخریب کار ٹھہرائے

    تب ہم اس ناقابل یقین

    غیر حیوانی نسل انسانی پر ایمان لے آئیں گے

    (مگر اس وقت تک ہرگز نہیں)