آؤ ہم کھل کے پاگل پن کا مظاہرہ کریں
ترجمہ: کشور ناہید
اے میری نسل کے لوگو!
آؤ ہم کھل کے پاگل پن کا مظاہرہ کریں
ہمیں اس عہد بربریت کے نقش قدم پہ چلنا چاہیے
ہم وہ جہت بھی دیکھیں
جو عصر کی دھندلی سرزمین کو
ابد کے بے در گنبدوں میں مقید کرکے
اس آواز سے بھرپور ہو جو موت کی آواز ہو اس چہرے کے رنگ لیے ہو، جو
مردہ چیزوں پر
بن کہے ہی جم جاتے ہیں
ہم بہت کچھ چاہتے تھے
ہم اک فراغ در اور بے پناہ چاہت کی خواہش میں
خاک بسر ہوئے
ہم نے دونوں کی خبث آمیز تاریکی کو بدلنے کی کوشش کی
لیکن،
اس سرزمین پر
اور اس سرزمین کے فرسودہ ذہنوں کی
بڑی بڑی قبروں پر
تاحد نظر پھیلے ہوئے دوزخ اور دھندلاہٹوں کے سوا
ہمیں کچھ نہ ملا