کاسیانو ریکارڈو

کاسیانو ریکارڈو

میرا باپ بادشاہ تھا

    ترجمہ: افتخار بخاری

     

    وہ سب چلا کر مجھے بتائیں گے

    کہ کیونکر وہ نہیں تھا، وہ کبھی نہیں تھا

    اور وہ مجھ پر سنگ زنی کریں گے

    میں جانتا ہوں وہ یہی کریں گے

    یہی ہر چیز کا عظیم قانون ہے

     

    لیکن میرا باپ بادشاہ تھا

    اس لیے نہیں کہ اس کے سر پر

    کوئی مضحکہ خیز سنہری تاج تھا

    لیکن نقرئی چاندوں کے

    عظیم قانون کے باوصف

     

    ہاں، میرا باپ کبھی بادشاہ تھا

    (بادشاہ تم ہو، بادشاہ میں ہوں)

    ہم میں سے کون کبھی نا بادشاہ تھا

    تیاگنے کے باعث؟

    ہاں، میرا باپ کبھی بادشاہ تھا

    سلیمان بادشاہ سے کہیں زیادہ

    اس لیے کہ یہاں ہیرے، زمرد

    ہاتھ میں عصائے شاہی

    جیسا کچھ نہیں تھا

    مگر فقط اس کے دستخط تھے

    ایک تیاگ پر

     

    تاش کے کھیل میں

    حکم کا بادشاہ نہیں

    مگر ایک مرتبہ سب کچھ رکھتے ہوئے

    محرومی کا بادشاہ

    ماسوائے ایک دل اور ایک پرندہ ہاتھ میں

     

    ہاں، میرا باپ کبھی بادشاہ تھا

    مگر بادشاہ صرف اس لیے

    کہ وہ کہہ سکتا تھا: اے خدا!

    تیرے ستارے تیرے سفر کے

    پسینے کی بوندیں ہیں

    لیکن میں ستاروں کی بوندیں بہاتا ہوں

    پتھر اٹھائے ہوئے

    اپنے منظر نامے میں

     

    بادشاہ، مگر سمندر کا نہیں

    نہ لوٹنے والا بادشاہ سبا سچین

    مگر اس طرح چلانے کے باعث

    سمندر!

    تیرے جاہ و جلال سے

    میں ماند نہیں پڑ سکتا

    وہ آنسو جو میں نے آج بہائے ہیں،

    اس تیاگ کی گھڑی میں،

    زیادہ ہیں

     

    بادشاہ، اس لیے کہ اس نے ایک بار مجھ سے کہا تھا:

    سنو! اپنے جسم سے پھاڑ ڈالو

    (کسی پھول سے سفید پتی کی طرح)

    وہ تنہا عنایت جو کسی کے واسطے

    تمہارے پاس ہے

    جسے تم خوش رکھتے ہو

    اسے کسی کے علم میں لائے بغیر

    اور تم بادشاہ ہو گے

    اور تم کہو گے: میں کبھی بادشاہ تھا

    فقط تیاگتے ہوئے

     

    ہاں، میرا باپ کبھی بادشاہ تھا

    (بادشاہ تم ہو، بادشاہ میں ہوں)

    ہم میں سے کون کبھی نا بادشاہ تھا

    تیاگنے کے باعث؟

     

    ہم میں سے کون کبھی نا بادشاہ تھا

    (گمنام خودکشی میں)

    اس سے دست برداری کے سبب

    جو زندگی میں عزیز ترین تھا؟

     

    وہ سب چلا کر مجھے بتائیں گے

    کہ کیونکر وہ نہیں تھا، وہ کبھی نہیں تھا

    اور وہ مجھ پر سنگ زنی کریں گے

    میں جانتا ہوں وہ یہی کریں گے

    یہی ہر چیز کا عظیم قانون ہے

    اس کے باوجود کچھ فرق نہیں پڑتا

    اس کے باوجود ایک تیاگ

    ایک بادشاہت سے بہتر ہے