اوسوالڈ مٹشالی

اوسوالڈ مٹشالی

شاکا کی ولادت

    ترجمہ: افضل احسن رندھاوا

     

    بچوں جیسے اس کے رونے کی آواز

    شیرنی کی گردن کو ادھیڑتے

    شیر کے بچے جیسی تھی

    کیوں کہ وہ بنا باپ تھا

     

    دیوتاؤں نے

    اس کی رگوں میں گردش کرنے کو

    اس کا لہو ابالا

    جذبے کی مٹی کے برتن میں

    اس کا دل ایک بیل کی ڈھال کی طرح سے گھڑا گیا تھا

    ہر دشمن کے دانت کھٹے کرنے کو

    اس کے بڑوں نے

    اس کے پٹھے

    چمڑے کے تسموں کی طرح سے باٹے، کسے

    کہ جیسے بانس کی   کھپچی

    اس کے حواس تیز اور تیکھے

    جیسے کانٹے کیکر کے

    اس کی آنکھیں زولو دیس کی اتھاہ تاریک وادیوں میں تھیں روشن لالٹینیں

    سمندر کے اس پار سے آتی سفید ابابیلوں کو دیکھنے کے لیے

    قاتل دو بھائیوں کو اس کی للکار

    دیکھو! تم مجھے مار سکتے ہو

    لیکن اس دھرتی پر کبھی بھی حکومت نہیں کر سکتے