کوموجو

کوموجو

بہار کے ریشم کے کیڑو!

    ترجمہ: کشور ناہید

     

    ریشم کے کیڑو! تم ریشم کے تار بن رہے ہو

    نہیں، تم تو شعری سوغات تخلیق کر رہے ہو

    کتنی ارفع، کتنی مقدس ، کتنی نازک اور کتنی دلربا ہے تمہاری یہ شاعری

    تمہاری یہ شاعری کن انتہاؤں کو چھوتی ہے

    میرے پاس تو اس کے بیان کے لیے الفاظ نہیں ہیں

     

    ریشم کے کیڑو! تمہاری شاعری

    کیا یہ آورد ہے کہ بے ساختہ ہے

    کیا تم فنی باریکیوں کے ساتھ تخلیق کرتے ہو

    یا پھر یہ فطری بے ساختگی کا اظہار ہے

    کیا یہ تم دوسروں کے لیے تخلیق کرتے ہو

    یا پھر یہ تم صرف اپنے لیے بناتے ہو

     

    ریشم کے کیڑو! مجھے ڈر ہے کہ تمہاری شاعری

    کہیں محض بے ساختہ

    اور غیر ارادی تو نہیں

    فن کا وہ محل جو تم تعمیر کر رہے ہو

    افسوس ہے کہ

    وہ صرف اور صرف تمہارے اپنے لیے ہے