تمہارے لیے
ترجمہ: کشور ناہید
تمہارے پاس ہر چیز کے لیے وقت ہے
تم ان تھک اور بے پناہ ہو
تم سخت سے سخت کام آرام سے کر لیتی ہو
خوشی اور افسردگی میں
روز و شب، تم ہمیشہ میرے پاس ہو
سوتے ہوئے، خوابوں میں
ہجوم میں۔ تنہا،
تمہارے پاس ہر چیز کے لیے وقت ہے
کھڑے ہو کر میرے بالوں میں کنگھی کرنے کا
کتابوں کے ضخیم انبار میں غوطہ زن ہو کر
مضمون ، نظمیں اور نوٹس بنانے کا
امتحانوں کے پرچے دیکھنے، پڑھنے، لیبارٹری میں کام کرنے کا
سینکڑوں موجود بچوں میں ہر بچے پر توجہ دینے کا
جن کی خودنوشت سرگزشتوں کا
ایک صفحہ، ہر روز تم ہی تو تحریر کرتی ہو
کتابوں سے پر کتابوں کی شیلفوں کے ساتھ
ہماری چھوٹی بیٹی
خواب آلود آنکھوں سے
تم سے سنو وائٹ اور سات مہربان بونوں کی کہانی سن رہی ہے
تمہارے پاس ہر چیز کے لیے وقت ہے
جب اپنے فارمولوں کے ساتھ
اپنے اگلے ہفتے کے آنے والے اسباق کی
ان تھک اور بے پناہ تیاری کر رہی ہوتی ہو
تو یہی زندگی کی اصل روح لگتی ہے