آواز
ترجمہ: کشور ناہید
تمام رات دنیا کے ناخن نے
یادوں کے بد رنگ آسمان کو کھرچا ہے
میں زمین پر کھڑی ہوں
دنیا نے مجھے فراموش ماضی کے دیاروں میں چھوڑ دیا ہے
میرا وجود ایک خالی ہتھیار خانے کی طرح ہے
میں ایک ویران چوٹی پر ایستادہ ہوں
جس کے دامن میں صرف فیکٹریاں چلتی ہیں
دیوقامت بھوری بلیاں
نتھنے پھلاتی اور اپنے بالوں کو پھڑپھڑاتی
صحن میں گھوم رہی ہیں
جبکہ اینٹوں کی لمبی سیاہ انگلیاں
ان دیکھے لبوں کو خاموش رہنے کا حکم دے رہی ہیں
میں ایک ویران چوٹی پر ایستادہ ہوں
وادی میں دودھیا دھند پھیل رہی ہے
پورا منظر ایک نیگیٹو کی طرح نظر آرہا ہے
جس میں صرف جھیل سفید نظر آرہی ہے
اور ساری فیکٹریوں کی چمنیاں دھند سے منہ نکالے
سیاہ نظر آرہی ہیں
سرخ جھیل کے کنارے بل کھاتے درخت ہیں
میں ابھی یہیں ہوں
سورج آسمان پر ایسے چکر لگا رہا ہے
جیسے کسی تہ خانے میں ایک ٹارچ!
اور زمین گونجتی ہے
میری آواز سے جو تمہاری آواز کے سہارے
لہر بہ لہر پھیلتی ہے
وقت، بستر استراحت کی جانب پلٹتا ہے
آنکھ، روشنی کی بلاٹنگ پیپر کی طرح جذب کرتی ہے
میں نے آسمان کی بے داغ اور پراسرار پہنائی میں
آوارہ خرامی کرتے ہوئے کچھ نہیں کھویا
تمام شب، بیکار اشارے اور پاگل آسمان
میرے ہم رکاب رہے ہیں
اب مجھے اپنی چیخ کے جواب میں ایک چیخ سنائی دی ہے
ایک بار، پھر دوبارہ
اس سناٹے میں تمہارا یہ جواب
محبت کی ایک نشانی ہے