مارن سوریسکو

مارن سوریسکو

وراثت

    ترجمہ: کشور ناہید

     

    کھڑکی سے باہر جھانکنا

    ہم سب کی عادت بن چکی ہے

    ہر شخص کھڑکی سے باہر جھانکتا ہے

    پڑھتے ہوئے، نہاتے ہوئے،  اورپیار کرتے

    ہوئے

    ہر عالم میں

    ہم افتاں و خیزاں ، کھڑکی سے

    باہر کا نظارہ دیکھنے کو بے تاب ہوتے ہیں

    تم آخر کیا دیکھنے کے تمنائی ہو

    تم بھلا کس کو ڈھونڈ رہے ہو

    بھول جاؤ

    جو آچکا ہے۔ وہ آچکا ہے

    جو جا چکا ہے

    وہ بس۔ جا چکا ہے

    جو کچھ تمہارے ساتھ ہونا تھا

    وہ سب کچھ ہو چکا ہے

    پردے کھول دو

    کھڑکیاں بند کر دو

    اور آرام کرو

    بارش، دھوپ، جنگ، امن

    گویا ہر ابتلا اور آسائش

    بار، بار دیکھ لینے کے بعد

    تم نے محسوس کیا

    کہ ہر غم اور ہر خوشی، بغیر کسی تبدیلی کے

    ایک وقت کے بعد دوسری مرتبہ

    اپنے آپ کو یونہی دہرائے جا رہی ہے

    انسانیت

    دراصل کچھ اور دیکھنا چاہتی ہے

    مگر جو کچھ ہے، اسے دیکھنے کے لیے

    بے نور آنکھوں کے ساتھ، کھڑکی میں

    ایستادہ ہے