انور مسعود

 انور مسعود

نسخہ

    نسخہ

    انور مسعود

     

    اک ڈاکٹر سے مشورہ لینے کو میں گیا

    ناسازیٔ مزاج کی کچھ ابتدا کے بعد

    کرنے لگے وہ پھر میرا طبی معائنہ

    اک وقفۂ خموشیٔ صبر آزما کے بعد

    ضرباتِ قلب و نبض کا جب کر چُکے شمار

    بولے وہ اپنے پیڈ پر کچھ لکھ لِکھا کے بعد

    ’ہے آپ کو جو عارضہ وہ عارضی نہیں

    سمجھا ہوں میں تفکرِ بے انتہا کے بعد

    لکھا ہے اک نسخۂ اکسیر و بے بدل

    دربارِ ایزدی میں شفا کی دُعا کے بعد

    لیجیے نمازِ فجر سے پہلے یہ کیپسول

    کھائیں یہ گولیاں بھی نمازِ عشاء کے بعد

    سیرپ کی ایک ڈوز بھی لیجیے نہار منہ

    پھر ٹیبلٹ یہ کھائیے پہلی غذا کے بعد

    لینی ہے آپ کو یہ دوا ، اِس دواسے قبل

    کھانی ہے آپ کو یہ دوا ، اِس دوا کے بعد

    ان سے خلل پذیر اگر ہو نظامِ ہضم

    پھر مکسچر یہ پیجیے اِس اِبتلا کے بعد

    لازم ہے پھر جناب یہ انجکشنوں کا کورس

    اُٹھیں نہ ہاتھ آپ کے گر اِس دوا کے بعد

    پھر چند روز کھائیں یہ ننھی سی ٹیبلٹ

    کُھجلی اُٹھے بدن میں اگر اِس دوا کے بعد

    تجویز کر دیے ہیں وٹامن بھی چند ایک

    یہ بھی ضرور کھائیے ان ادویہ کے بعد

    چھ ماہ تک دوائیں مسلسل یہ لیجیے

    پھر یاد کیجئے گا حصُولِ شفا کے بعد‘

    اک وہم تھا کہ دل میں میرے رینگنے لگا

    اُن کے بیانِ نسخۂ صحت فزا کے بعد

    کیمسٹ کی دکان بنے گا شکم مرا

    ترسیلِ ادویہ کی اِس انتہا کے بعد

    میں نے کہا کہ آپ مجھے پھر ملیں گے کب

    روزِ جزا سے قبل یا روزِ جزا کے بعد