تلاسی دیواسا

تلاسی دیواسا

حروف

    ترجمہ: شوکت کاظمی

     

    حروف تو بیج ہیں

    تم انہیں بیجتی ہو

    میں تمہیں اپنے ہاتھوں کی سوغات دوں گا

    ...... اگر ان کی حاجت ہوئی

    کہ دھرتی کے اوراق کی سلوٹیں دور ہوں

    حرف تو بیج ہیں، تم انہیں بیجتی ہو

     

    بیج چاہت کے نامے بھی ہیں

    تم جنہیں لکھ رہی ہو

    تم اپنے مہکتے پسینے سے

    اپنی شکستہ سی تحریر کو رنگ زیبائی دیتی ہو

    یہاں پیچ واں کھیت مٹی اٹی تختیاں ہیں

    میرا جتنا مقدور ہے میں قلم تھامتا ہوں

    تمہاری انہی ٹیڑھی لکیروں پہ اپنا قلم راست کرتا ہوں

    بیج الفاظ ہیں، تم انہیں پڑھ رہی ہو

     

    مرے پاؤں سیاہی کی دلدل میں لتھڑے ہوئے ہیں

    میں اشجار بونے کے نغمات گاؤں گا

    تم خاص چاہت سے الفاظ کی آبیاری کرو گی

    بدلتی رتوں کے حسین راگ چھیڑو گی

    میں الفاظ سے کتنے جملے تراشوں گا

    اور فصل کٹنے کے سب لوک گیتوں کو گاؤں گا

     

    تم چمکتی ہوئی بالیوں اور خوشوں سے دانوں کو پھٹکو گی

    اور ثمر پختہ کا مفہوم ڈھونڈو گی

    میں محور بنا ہوں

    جس کے اطراف میں چھاننے اور پھٹکنے کا سب کام جاری ہے

    میں فراوانیوں کے پرندوں کو آواز دوں گا

    تم سے جیسے ہوا

    اپنے خاکوں کو رنگین کرو گی

    اپنے خرمن کو سارے حروف چنیدہ سے بھردو گی

     

    حرف تو بیج ہیں، تم انہیں بیجتی ہو

    میں تمہیں اپنے ہاتھوں کی سوغات دوں گا

    ...... اگر ان کی چاہت ہوئی

     

    میں سب ٹیڑھی میڑھی لکیریں مزین کروں گا

    حروف تو بیج ہیں، تم انہیں بیجتی ہو

    بیج الفاظ ہیں، تم جنہیں لکھ رہی ہو

    بیج الفاظ ہیں، تم جنہیں پڑھ رہی ہو