برف
ترجمہ: کشور ناہید
ملک کا شمالی منظر
میل ہا میل یخ بستگی کا منظر
اور میلوں آگے برف کے ذرے
دیوار چین کے ادھر سے ادھر تک دیکھو
ایک وسیع و عریض صحرا
عظیم دریائے زرد، اوپر نیچے
کیا اس کی جھاگ بیٹھ گئی ہے
پہاڑیاں سانپوں کی طرح ناچ رہی تھیں
پہاڑ، موم کے ہاتھیوں کی طرح جھوم رہے تھے
یوں لگتا تھا جیسے وہ اپنی حیثیت کا مقابلہ
خدا کی حیثیت سے کر رہے ہوں
ایک سہانی صبح تک انتظار کرو
جب دھوپ، تمہاری براق سیم تنی کو سنہرا کر دے
یہ منظر، اور دل پذیر انداز میں ہویدا ہو
یہ زمین اپنی بے پناہ خوبصورتی کے ساتھ دہکتی ہے
اس نے اپنے لاتعداد جوان سپوتوں کو
اپنی حفاظت کی خاطر قربان کیا ہے
چن ہیانگ اور ہان دو!
تم پر ترس آتا ہے
تم دونوں ناشناس سخن ہو
تانگ تونگ اور سوانگ تو
فنون لطیفہ کے حظ سے عاری ہیں
اور وہ جنت کا بگڑا بچہ
چنگیز خاں
کہ جس نے کھینچی کمان سے
چیلیں شکار کرنی سیکھی تھیں
سب کچھ گزر چکا ہے
بڑے آدمیوں کے لیے
صرف اور صرف
یہ زمانہ آئنہ ہے