اقبال ساجد

اقبال ساجد

سنا احوال تیرے شہر کے معیار کیسے ہیں؟

    سنا احوال تیرے شہر کے معیار کیسے ہیں؟ مکیں کیسے ہیں اس کے اور درودیوار کیسے ہیں؟ جہاں رہتا ہے تو، اس خاک کی تاثیر کیسی ہے؟ پھلوں کا ذائقہ کیسا ہے اور اشجار کیسے ہیں؟ ابھر کر سامنے آتے ہیں یا چھپتے ہیں نظروں سے کہانی گھومتی ہے جن پہ وہ کردار کیسے ہیں؟ وہاں مزدور کی اجرت ادھوری ہے کہ پوری ہے؟ مزاجا اور ذہنا کارخانے دار کیسے ہیں؟ تجھے احساس آزادی ہے یا خوف اسیری ہے؟ فضا کیسی ہے تیرے گھر کی، پہریدار کیسے ہیں؟ ترے چہرے سے ظاہر ہے بہت ہی مطمئن ہے تو عبارت کہ رہی ہے معنی و معیار کیسے ہیں اپنے مرکز و محور سے کب کا کٹ چکا ساجد کسی کو کیا بتاؤں ثابت و سیار کیسے ہیں