ڈھونڈ پاؤ جو خرابہ کوئی گھر کے مانند
-
ڈھونڈ پاؤ جو خرابہ کوئی گھر کے مانند بیٹھ رہنا وہیں مجھ خاک بسر کے مانند ثبت تھا سینۂ شَب پر دلِ بے خواب کا نقش سو بھی معدُوم ہُوا خوابِ سحر کے مانند ہم کہ چلتے ہیں سرِ خاک ہواؤں کی طرح بیٹھ جائیں گے کہیں گردِ سفر کے مانند آپ بھی خاک ہوئے رنجِ سخُن بھی کھویا رایگاں ہم بھی گئے اپنے ہُنر کے مانند کھینچ لائی تھی کسی وہم کی وحشت سرِبزم وہ بھی گِریاں تھا مرے دیدۂ تر کے مانند