گھر سے نکلنے کی تیاری
بگ بینگ کے الارم پر آنکھ کھلی کاما سوترا کو چوم کر تکیے کے نیچے رکھا داس کیپٹال کی تلاوت کی گارشیا کا لحاف پرے پھینکا رئیلزم سے منہ دھویا نہار منہ دو پیگ بائیبل کے لیے سارتر رنگ کا سوٹ پہنا ما ؤ چیک کی ٹائی باندھی چی گویرا کے تسمے کسے ہالی وڈ کا پر فیوم چھڑ کا لایعنیت کی ای میل چیک کی سینٹوسیٹو کولوّ لیٹر لکھے بٹوے میں سوسو کے دو مارکس اور پچاس کا ایک لینن رکھا بیگ میں پانچ ہزار سال کا بائیوڈیٹا اور نطشے کے مرحوم خدا کا سفارشی رقعہ رکھا نیرودا کی نظموں سے فال نکالی بی بی سی کو پر نام کیا اور ونڈوز 2000 سے انجانی منزل کو چل دیے!