تصویر مُجھے بناتی ہے
اکثرایک بُھولا ہوا خواب
اچانک یاد آجاتا ہے
جب میں کسی پُھول کو اِتنے قریب سے دیکھتا ہوں
تمھارے وجود کی خوشبو ،
پَلٹ کر آتی ہے
اُسی یاد کے ساتھ
جِسے مَیں خواب کہتا ہوں
مَیں دیکھ سکتا ہوں
اُس یاد کو
اپنے اِردگرد چلتے پِھرتے ہوئے،
وہ مُجھے رُوکتی ہے،
اُکساتی ہے،
کِھینچ لے جاتی ہے
مانوس راہوں پر،
جن پر میں اُوہام کے ساتھ ساتھ چلتا رہتا ہوں،
خاک پر قدموں کے نشان
یُوں اُبھر آتے ہیں جیسے
تم اَبھی اَبھی یہاں سے گزرے ہو،
ایک پھول کی قربت
مُجھے کِیا کِیا دکھاتی ہے
مَیں سوچتا ہوں
تصویر کو مَیں بناتا ہوں ، یا
تصویر مُجھے بناتی ہے ...