گمشدہ چہروں کے نام
امیدِ وصل کو گِرہ میں باندھے،
ہم آئیں گے
تمھارے آس پاس کی
غیر آباد زمینوں کا دامن بھرنے،
تمھاری طرف کو جاتے
راستوں کی تنہائی میں اُترنے،
ہماری آنکھوں میں نقش ،
تمھارے چہروں کی سُرخی
تمھیں دِکھانے ،
ہم آئیں گے،
تمھارے قُرب میں سوئی،
خاموشی کو گلے لگانے۔